آئی اے ای اے کو جوہری مراکز تک رسائی نہیں ملے گی،ایران کا دوٹوک اعلان

جن جوہری مراکز کو حملوں میں نقصان پہنچا ہے، ان مقامات پر کسی بھی غیر ملکی معائنہ کار کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

July 2, 2026 · اہم خبریں

تہران: ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اعلان کیا ہے کہ حالیہ حملوں سے متاثر ہونے والے ایران کے جوہری مراکز تک بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے معائنہ کاروں کو رسائی نہیں دی جائے گی۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایرانی پارلیمنٹ اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے ایسے قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت جوہری تنصیبات تک بین الاقوامی معائنہ کاروں کی رسائی کے ضوابط طے کیے جائیں گے۔

محمد باقر قالیباف کے مطابق جن جوہری مراکز کو حملوں میں نقصان پہنچا ہے، ان مقامات پر کسی بھی غیر ملکی معائنہ کار کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے امریکا کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں پر ہونے والی اندرونی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران ایران اپنے منجمد اثاثوں سے متعلق اہم پیش رفت حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

انہوں نے ناقدین پر زور دیا کہ قومی مفاد کے معاملات میں غیر ضروری تنقید سے گریز کیا جائے اور سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے بجائے ملکی مفادات کو ترجیح دی جائے۔