وزیراعظم کل آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کریں گے،دفتر خارجہ

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے چند ارکان بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔ ایران میں نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد وزیراعظم ترکیہ روانہ ہوں گے

July 2, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کل ایران اور ترکیہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم ایران میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کریں گے، جبکہ بعد ازاں ترکیہ میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور دیگر اہم مصروفیات انجام دیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے چند ارکان بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔ ایران میں نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد وزیراعظم ترکیہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ ترک صدر کی دعوت پر استنبول کا دورہ کریں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم استنبول میں منعقد ہونے والی ایک کاروباری کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جہاں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان کے ایران اور ترکیہ کے ساتھ مضبوط سفارتی تعلقات، علاقائی تعاون اور باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔