لاہور: غیر قانونی عمارت میں قائم نجی اسکول کی چھت گرنے سے 8 سالہ بچہ جاں بحق، مالکہ سمیت 5 افراد گرفتار
25 بچوں کو بحفاظت ملبے سے نکال لیا گیا،ایلمنٹری ویمن ونگ کی اے آئی او طاہرہ نذیر معطل
فوٹو سوشل میڈیا
لاہور:لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں ایک نجی اسکول کی تین منزلہ عمارت کی چھت گرنے سے 8 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ ایک بچے سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے،25 بچوں کو بحفاظت ملبے سے نکال لیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسکول کی تیسری منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا، جبکہ عمارت میں سمر کیمپ بھی منعقد کیا جا رہا تھا، حادثے کے وقت اسکول میں 70 سے 80 بچے موجود تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق بچے کی شناخت ابوبکر کے نام سے ہوئی ہے۔ جاں بحق بچے کی نعش اور زخمی ہونے والے چار افراد کو سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں 35 سالہ ندیم، 38 سالہ شکیل، 32 سالہ فیض اور 42 سالہ ندیم شامل ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اہل علاقہ کاکہنا ہے کہ ٹھیکیدار نے لینٹر جلدی کھول دیا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا،5 روز قبل اسکول کی چھت کا لینٹر ڈالا گیا تھا۔ے۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں کہ مذکورہ عمارت متعلقہ اداروں سے نقشے کی منظوری لیے بغیر ہی غیر قانونی طور پر تعمیر کی جا رہی تھی۔ دوسری جانب محکمہ تعلیم نے واقعے سے مکمل لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سکول میں کسی قسم کے سمر کیمپ کے انعقاد کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔
واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس نےاسکول کی مالکہ نادیہ سمیت 5 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ ادھر محکمہ تعلیم میں غفلت برتنے پر سخت انتظامی ایکشن لیتے ہوئے ایلمنٹری ویمن ونگ کی اے آئی او طاہرہ نذیر کو بھی فوری طور پر عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل انکوائری کے بعد ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ 30 جون کو لاہور کے علاقے کاہنہ میں بھی اسی قسم کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جب گھر میں قائم ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 معصوم بچے ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گئے تھے۔