لاہور: ڈیفنس میں ہالینڈ اور وینزویلا کی خواتین سے مبینہ اجتماعی زیادتی، 4 ملزمان گرفتار

ملزمان نے خواتین کی رہائی کے عوض 15 لاکھ امریکی ڈالر تاوان کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

July 2, 2026 · اہم خبریں, قومی

لاہور: صوبائی دارالحکومت کے پوش علاقے ڈیفنس میں دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ہالینڈ اور وینزویلا سے آئی ہوئی 2 غیر ملکی خواتین کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا ہے۔

ملزمان نے خواتین کی رہائی کے عوض 15 لاکھ امریکی ڈالر تاوان کا مطالبہ بھی کیا۔ پولیس نے مستعدی دکھاتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ غیر ملکی خاتون “سٹیفن ایڈرینا” کی مرکزی ملزم علی رضا سے سنگاپور میں ملاقات ہوئی تھی، جہاں دونوں کے درمیان دوستی ہوئی۔ اسی دوستی کے مروّت میں ہالینڈ اور وینزویلا سے تعلق رکھنے والی دونوں غیر ملکی خواتین اپنے پاکستانی دوستوں سے ملاقات کے لیے 2 جون کو پاکستان پہنچیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق، ملزم علی رضا اور اس کے ساتھیوں نے منصوبہ بندی کے تحت دونوں غیر ملکی خواتین کو اغوا کیا اور مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ درندوں نے صرف اسی پر بس نہیں کیا بلکہ خواتین کو محبوس بنا کر ان کے اہلخانہ اور دوستوں سے 15 لاکھ امریکی ڈالر خطیر رقم بطور تاوان کا مطالبہ بھی کیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کیا۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چھاپہ مار کر مرکزی ملزم علی رضا سمیت 4 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی خواتین کو ہر ممکن قانونی اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور کیس کی شفاف تحقیقات کر کے ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ عدالت سے ملزمان کا ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔