سوات: سیف اللہ جھیل حادثہ، لاپتہ خاتون کی تلاش جاری رکھنے کا عزم
جرگے میں لاپتہ خاتون کی تلاش، جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اور آئندہ حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
فائل فوٹو
سوات: وادی کالام کی سیف اللہ جھیل حادثے کے بعد جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے حوالے سے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بحرین جنید خان کی زیر صدارت ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کالام سب آفس، سوات پولیس، ٹورازم پولیس، ریسکیو 1122، متعلقہ محکموں کے افسران اور مقامی مشران نے شرکت کی۔
جرگے میں لاپتہ خاتون کی تلاش، جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اور آئندہ حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مقامی مشران نے ضلعی انتظامیہ، اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی بروقت امدادی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جنید خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور تمام متعلقہ ادارے مقامی مشران کے تعاون سے لاپتہ خاتون کی تلاش اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل نہیں ہو جاتا۔