میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ اعلیٰ سیکورٹی عہدیدار کی بھارت کے موضوع پر اہم نشست
ہندوتوا نظریہ بھارت کے سیکولر تشخص کو مسخ کر چکا۔ سیکورٹی ذرائع
میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں ایک اعلیٰ سیکورٹی عہدیدار نے بھارت سے متعلق مختلف امور پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے خطے، خصوصاً پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی قیادت زمینی حقائق کو تسلیم کرنے سے گریز کر رہی ہے، جبکہ ہندوتوا نظریے نے بھارت کے سیکولر تشخص کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مذہبی شدت پسندی، عدم برداشت اور اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک بھارت کے اندرونی بحران کو مزید گہرا کر رہا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ بھارت میں آزادیِ اظہار اور میڈیا کی آزادی ریاستی کنٹرول میں ہے، جبکہ مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھاؤنی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہاں عوام سخت فوجی نگرانی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
نشست میں یہ بھی کہا گیا کہ بھارت آزادی کی مختلف تحریکوں سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزامات عائد کرنے اور فالس فلیگ کارروائیوں کا سہارا لیتا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان بھارتی پالیسی سازوں کے لیے باعثِ تشویش ہے، اسی لیے بھارتی میڈیا اور سیاسی حلقے مسلسل پاکستان مخالف بیانیہ تشکیل دینے میں مصروف رہتے ہیں۔
سیکورٹی ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ بعض کالعدم عناصر بھارتی ایجنڈے کے مطابق سرگرم ہیں، تاہم ریاست پاکستان اور اس کے عوام ہر قسم کے دباؤ اور پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور مستقبل میں بھی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔