ماں نے کالا جادو اتارنے کے نام پر 4 سالہ بیٹی کو زندہ جلادیا

ملزمان کبھی اس کا چہرہ آگ کی طرف کرتے اور کبھی کمر کے بل چولہے پر لٹاتے رہے۔

July 3, 2026 · قومی

گوجرنوالہ میں چار سالہ بچی کو جلانے کی کوشش کرنے والی ماں اور اس کے بچے پولیس تحویل میں

گوجرانوالہ: گوجرانوالہ میں ماں نے کالا جادو اتارنے کے نام پر 4 سالہ بیٹی کو زندہ جلادیا۔

پولیس نے بتایا کہ گوجرانوالہ کے علاقے بدر ٹاؤن میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ظالم ماں ہی اپنی بیٹی کی دشمن بن گئی۔ماں نے کالا جادو اتارنے کے نام پر 4 سالہ بیٹی کو زندہ جلایا، آگ سے بچی کا جسم 60 فیصد تک جھلس گیا  جسے علاج کیلئے فوری ہسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی کرتے ہوئے ماں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ملزمہ کے ساتھ اس کے 2 بیٹوں اور ایک بیٹی کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ ملزمہ نے جلتا چولہا اٹھا کر بچی کے جسم کو جگہ جگہ سے جھلسایا،ملزمان کبھی اس کا چہرہ آگ کی طرف کرتے اور کبھی کمر کے بل چولہے پر لٹاتے رہے۔ بچی کو آگ لگانے کے دوران دونوں بھائیوں اور بہن نے پکڑ رکھا تھا۔

مقامی پولیس کے مطابق اس علاقے میں پولیس اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ وہاں کے ایک رہائشی نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک گھر سے بچی کے زور سے چیخنے کی آوازیں آرہی ہیں جس دوران بچی کہتی سنائی دے رہی ہے کہ ’مجھے مت جلاو مجھے مت جلاو۔‘

مقامی پولیس کے مطابق انھیں اطلاع دینے والے شخص نے اپنے تئیں گھر کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی لیکن اس میں وہ کامیاب نہیں ہوا اور پھر انھوں نے وہاں پر پیٹرولنگ کرنے والی ٹیم کو اس بارے میں آگاہ کیا۔

پولیس کی پیٹرولنگ ٹیم جب جائے وقوع پر پہنچی تو پولیس اہلکاروں نے اس گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا جہاں سے بچی کے رونے کی آوازیں آرہی تھیں لیکن اس گھر کے اندر سے کسی نے دروازہ نہیں کھولا جس پر پولیس اہلکار دروازے کو توڑ کر اندر داخل ہوئے۔

پولیس اہلکار جب اندر داخل ہوئے تو انھوں نے دیکھا کہ ایک چار سالہ بچی کے ہاتھ پاؤں کو رسیوں کے ساتھ باندھا گیا تھا جبکہ دو خواتین سمیت چار افراد نے اس چھوٹی بچی کے ہاتھ پاؤں پکڑے ہوئے تھے اور صحن میں رکھے ہوئے چولہے پر اس کو زندہ جلا رہے تھے۔

تفتیشی افسر کے مطابق جن افراد نے اس بچی کے ہاتھ پاؤں پکڑے ہوئے تھے اس میں اس بچی کی سگی والدہ اور اس کی ایک بہن اور دو بھائی شامل تھے۔