محرومیاں دور کریں گے،آزاد کشمیر کے فیصلے وہیں ہوں گے، عبدالعلیم خان
مری ایکسپریس وے کو کوہالہ اور مظفر آباد سے مانسہرہ تک لے کر جائیں گے ، صدر آئی پی پی
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے پریس کانفرنس کر رہے ہیں
اسلام آباد: صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی محرومیوں کا خاتمہ، معیاری تعلیم، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شفاف طرزِ حکمرانی استحکام پاکستان پارٹی کی اولین ترجیحات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے فیصلے آزاد کشمیر کے عوام کی خواہشات اور مفادات کے مطابق ہوں گے اور کشمیری عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا اور آزاد کشمیر کے سو فیصد بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ سیاست کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے، کیونکہ صرف باتوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ اگر انہیں حکومت بنانے کا موقع ملا تو میرٹ، شفافیت اور عوامی خدمت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان کی حکومت میں کرپشن ہوئی تو وہ خود اس کی ذمہ داری قبول کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کو جمہوری انداز میں قبول کریں، کامیابی پر شائستگی اور شکست پر تحمل کا مظاہرہ کریں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ برسوں اقتدار میں رہنے والی جماعتیں آج بھی عوامی محرومیوں کی ذمہ دار ہیں۔ جو جماعتیں دو، دو اور تین، تین مرتبہ حکومت میں رہیں، وہ آج ہم سے سوالات کر رہی ہیں، حالانکہ انہیں اپنی کارکردگی کا جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں استحکام پاکستان پارٹی نے بہترین امیدوار میدان میں اتارے ہیں اور عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔انہوں نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کبھی ہار نہیں مانی اور نہ ہی مشکل حالات میں گھبرائے۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم سے کہا تھا کہ انہیں وزارتِ مواصلات پر مکمل توجہ دینے کا موقع دیا جائے تاکہ ملک کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک بھر میں جدید شاہراہوں اور موٹرویز کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ گلگت بلتستان میں شاہراہوں پر کام ہو رہا ہے جبکہ سکھر تا کراچی موٹروے کو بندرگاہ سے منسلک کیا جا رہا ہے اور اس منصوبے پر رواں سال کام شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور، سیالکوٹ موٹروے کو چار کے بجائے چھ رویہ بنایا جا رہا ہے جبکہ لاہور، سیالکوٹ، کھاریاں، اسلام آباد موٹروے کی تعمیر بھی جاری ہے، جس سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان تقریباً 100 کلومیٹر کا فاصلہ کم ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد۔مری ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک توسیع دی جا رہی ہے جبکہ مظفرآباد کو مانسہرہ سے بھی جدید شاہراہ کے ذریعے منسلک کیا جائے گا، جس سے آزاد کشمیر کے عوام کو محفوظ، تیز رفتار اور معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، انہیں تعلیم اور محنت پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور اندرون سندھ کے عوام کئی دہائیوں تک بنیادی انفراسٹرکچر سے محروم رہے، حیدرآباد۔سکھر موٹروے تیس سال تک نہ بن سکی، لیکن آج وہی لوگ سوال اٹھا رہے ہیں جنہوں نے اپنے ادوار میں عوامی مسائل حل نہیں کیے۔
استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والوں میں اے 25 اپر نیلم ڈاکٹر سردار ظفر اقبال ، پونچھ سے سردار مرتضیٰ علی احمد، جہلم ویلی حلقہ 4 سردار عبدالجبار مغل ، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل عامر نعیم ، کوٹلی مظفر آباد سے سید افتخار حسین شاہ ، کونسلر شجاع منگول ایڈووکیٹ ، ایل اے 35 سے چوہدری عبدالقدیر گجر، نیلم سے سردار سجاد گل ، چیئرمین حاجی افتخار مغل ، چیئرمین فہیم مشتاق، میڈیا کوآرڈینیٹر راجہ قمر زمان ، ترجمان سردار مشل یونس ، جہلم ویلی سے سید انعام گیلانی ، کونسلر خالد محمود ،کونسلر نعمان عثمان، ایل اے 42 حافظ احمد بٹ ،ویلی 3،سردار نزاکت منشاد ، نعمان علی چغتائی، عاصم حمید ، فرحان انور، نوید چوہدری شامل تھے ۔
اس موقع پر جی جی جمال ،گل اصغر خان،شہزاد عزیز،فیاض الحسن چوہان،چوہدری ظہیر الدین خان،مخدوم طارق محمود الحسن،راجہ یاور کمال،سردار امیر ہارون،حمزہ مجید بازمی،ذولفقار علی،ملک محمد یوسف،اعجاز احمد کھٹانہ،چوہدی محمد مقبول،محمد ندیم کھوکھر،چوہدی وقار نذیر ایڈوکیٹ،چوہدری ذولفقار نور،احسان احمد،محمد عرفان چوہدی، عون چوہدی،رانا نذیر احمد خان،شعیب صدیقی، چوہدی راؤف احمد، ہارون گل، میاں خالد محمود بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ آزاد کشمیر سے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی قیادت میں آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں کرنل محبوب ، علی خان سونی ، ملک ذوالفقار، صاحبہ صدیق ، ریاض گجر ، طاہر کھوکھر ، راجہ طالب ، مرتضیٰ علی احمد ، جبار مغل ، تقدیس گیلانی بھی ہمراہ تھے ۔