آئندہ مالی سال میں معاشی نمو 4 فیصد رہنے کی توقع ہے۔گورنراسٹیٹ بینک
مالی سال 2025-26 میں ترسیلات زر 41.5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بتدریج استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے اور آئندہ مالی سال 2026-27 کے دوران مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو تقریباً 4 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تخمینوں کے مطابق مالی سال 2025-26 میں ترسیلات زر 41.5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں، جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران برآمدات میں بھی اضافے کی توقع ہے، جس سے گزشتہ برس دیکھی گئی کمی کا رجحان تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے کی توقع بھی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برس کے دوران بیرونی قرض کا حجم تقریباً مستحکم رہا ہے، جبکہ قرضوں کی ادائیگی کا نظام مزید بہتر ہوا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کے پاس اس وقت 15 دن کی درآمدی ضروریات کے لیے درکار سطح سے کئی سو فیصد زیادہ زرمبادلہ کے ذخائر موجود ہیں، جو بیرونی شعبے کے استحکام کی عکاسی کرتے ہیں۔