استنبول میں وزیراعظم کی ترک کاروباری رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں
دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ترکیہ کے شہر استنبول میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مختلف ترک کاروباری اداروں اور صنعتی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں، جن میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے ملاقاتوں کے دوران کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے سرمایہ کار دوست پالیسیوں، بہتر معاشی اشاریوں اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو اجاگر کرتے ہوئے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔
شہباز شریف نے توانائی، معدنیات، انفراسٹرکچر، میری ٹائم، لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، زراعت، مینوفیکچرنگ اور نجکاری سمیت مختلف شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کر رہی ہے۔
ملاقاتوں میں ترک کمپنیوں کے نمائندوں نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے بہتر ہوتے ماحول کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے اور طویل المدتی شراکت داری کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ترک کاروباری قیادت کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ وہ ملک میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع کا براہِ راست جائزہ لے سکیں اور باہمی اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔