غیر ملکی خواتین کیس: “باس” سمیت مزید 5 ملزمان گرفتار
کیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
لاہور کے علاقے ڈیفنس سی میں غیر ملکی خواتین سے مبینہ اغوا اور زیادتی کے کیس میں پولیس نے مزید پیش رفت کرتے ہوئے ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے پانچویں ملزم کی شناخت احمد رضا ولد مظہر حیات کے نام سے ہوئی ہے، جسے مقدمے میں دیگر نامزد ملزمان کے ساتھ کارروائی میں شامل ہونے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں پہلے سے گرفتار ملزمان میں محمد رضا ڈار، سکندر عزیز خان، الحکیم بھٹی، حسن رضا اور ساجد علی شامل ہیں، جنہیں جسمانی ریمانڈ پر تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کیس میں مزید چار افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جن میں ایف آئی آر میں نامزد ایک شخص بھی شامل ہے، جسے عرفِ عام میں “باس” کے نام سے جانا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق تمام زیر حراست افراد سے تفتیش جاری ہے اور ان کے کردار کا تعین کیا جا رہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ کیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔