علی خامنہ ای کی میت عوامی دیدار کے لیے رکھ دی گئی
میتوں کو عوامی دیدار کے لیے مخصوص مقام پر رکھا گیا ہے، جہاں صبح سے ہی بڑی تعداد میں سوگوار جمع ہونا شروع ہو گئے
تہران میں سابق ایرانی رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی آخری رسومات کے سلسلے میں عوامی دیدار کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق میتوں کو عوامی دیدار کے لیے مخصوص مقام پر رکھا گیا ہے، جہاں صبح سے ہی بڑی تعداد میں سوگوار جمع ہونا شروع ہو گئے۔ حکام کے مطابق عوامی حاضری کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا، جبکہ نمازِ جنازہ اتوار کو ادا کیے جانے کی توقع ہے۔
دارالحکومت تہران میں سکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مختلف علاقوں سے آنے والے شہری بڑی تعداد میں تقریب میں شریک ہو رہے ہیں، جس کے باعث میٹرو اسٹیشنوں اور مرکزی شاہراہوں پر غیر معمولی رش دیکھا گیا۔
ایرانی حکام کے مطابق نمازِ جنازہ میں متعدد ممالک کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ ملک بھر سے آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزارتِ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ زائرین کی رہائش کے لیے تہران سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں اسکول اور کلاس رومز عارضی طور پر مختص کیے گئے ہیں تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد کو قیام کی سہولت فراہم کی جا سکے۔