خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں تین بیٹے شریک

مجتبیٰ خامنہ ای سکیورٹی خدشات کے باعث عوامی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

July 5, 2026 · اہم خبریں

ایران کے سابق سپریم لیڈر شہید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں ان کے تین بیٹوں، مسعود خامنہ ای، میثم خامنہ ای اور مصطفیٰ خامنہ ای نے شرکت کی، جبکہ مجتبیٰ خامنہ ای تقریب میں موجود نہیں تھے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران میں ہونے والی نمازِ جنازہ میں عوام کی بڑی تعداد کے علاوہ اعلیٰ حکومتی شخصیات، مذہبی رہنما اور مختلف ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران خامنہ ای کے تینوں بیٹوں کو دیگر سوگواران کے ساتھ دیکھا گیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای سکیورٹی خدشات کے باعث عوامی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ تاہم ایرانی حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

نمازِ جنازہ میں پاسدارانِ انقلاب کے قائم مقام سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی سمیت متعدد اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق ایران میں تعزیتی تقریبات اور آخری رسومات آئندہ چند روز تک مختلف شہروں میں جاری رہیں گی، جن میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت متوقع ہے۔ سیاسی مبصرین کے نزدیک ان تقریبات میں ملکی قیادت اور غیر ملکی وفود کی موجودگی خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بھی اہمیت رکھتی ہے۔