شدید بارش، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ

6 جولائی سے شمالی پاکستان میں فعال موسمی نظام داخل ہونے کا امکان ،این ڈی ایم اے

July 6, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے اور حساس بالائی علاقوں اور پہاڑی ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای اوسی) نے 6 سے 10 جولائی 2026 تک کے لیے موسمی صورت حال اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا گیا اور تمام ممکنہ خطرات کی پیشی تشخیص اور متعلقہ اداروں تک بر وقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ موجودہ موسمی حالات این ای او سی کے جاری پیشی موسمی جائزے کے عین مطابق ہے، 6 جولائی سے شمالی پاکستان میں فعال موسمی نظام داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ڈیموں کے حوالے سے بتایا گیا کہ متوقع بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں معمولی اضافہ متوقع، 7 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافے کا امکان ہے جبکہ موجودہ حالات کے مطابق بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔