پاکستان اور کرغزستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
دونوں رہنماؤں نے سیاسی، سفارتی اور پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کے ساتھ ساتھ تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
بشکیک: صدر آصف علی زرداری اور کرغزستان کے صدر صادر جپاروف نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
چار روزہ سرکاری دورے پر کرغزستان پہنچنے والے صدر آصف علی زرداری کی کرغز صدر سے ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں دونوں ممالک کے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور گزشتہ سال طے پانے والے معاہدوں پر مؤثر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سیاسی، سفارتی اور پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کے ساتھ ساتھ تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی گئی کہ دوطرفہ تجارت اور کاروباری روابط میں اضافے کے لیے مشترکہ اقدامات تیز کیے جائیں۔
دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور کاسا-1000 منصوبے پر پیش رفت کو اہم قرار دیا، جبکہ کان کنی، زراعت، ٹیکسٹائل، حلال انڈسٹری، صحت، ادویات سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت، سیاحت، بینکاری اور مالیاتی شعبوں میں بھی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور تجارتی راہداریوں کو بہتر بنانے، پاکستان کی بندرگاہوں سے استفادہ اور خطے میں رابطوں کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے میں دہشت گردی، انتہا پسندی، منشیات کی اسمگلنگ، سائبر کرائم اور دیگر سرحد پار جرائم کے خلاف مشترکہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا، جبکہ اقوام متحدہ، شنگھائی تعاون تنظیم، اسلامی تعاون تنظیم اور اقتصادی تعاون تنظیم سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔
وفود کی سطح پر مذاکرات سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات موجود ہیں، جنہیں اقتصادی تعاون کے ذریعے مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کو مسابقتی قیمتوں پر اپنی مصنوعات فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کا خواہاں ہے۔