عمران خان رہائی فورس کے لیے 60 ہزار کارکنان نے رجسٹریشن کرالی، کے پی حکومت
رہائی فورس سے متعلق جلد بڑی خبر سامنے آئے گی،جو ذمہ داری نہیں اٹھا سکتا اسے اپنا عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔ترجمان خیبرپختونخوا شفیع جان
فائل فوٹو
راولپنڈی: ترجمان خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے بنائی جانے والی فورس کے لیے 60 ہزار سے زائد ارکان رجسٹرڈ ہوچکے، رہائی فورس سے متعلق جلد بڑی خبر سامنے آئے گی۔
ترجمان خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا کہ تنظیم سازی کے بغیر تحریک آگے نہیں بڑھ سکتی، تمام صوبائی صدور کی ذمہ داری ہے کہ تنظیمیں مکمل کریں، خیبرپختونخوا میں تنظیم سازی کا عمل آخری مراحل میں ہے، آئی ایس ایف، یوتھ، ویمن، مائنارٹی، آئی ڈی ایف اور آئی ایل ایف کی تنظیمیں ضروری ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کی ذمے داری سہیل آفریدی نے مثالی انداز میں نبھائی، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں اسٹریٹ موومنٹ کے اثرات نمایاں رہے، خیبرپختونخوا ہر قسم کے آئندہ لائحہ عمل کے لیے مکمل تیار ہے، اچکزئی صاحب جو فیصلہ کریں گے، خیبرپختونخوا اس پر عمل کرے گا، اڈیالہ جیل احتجاج میں شرکت کسی ایک صوبے کی نہیں، سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جو ذمہ داری نہیں اٹھا سکتا اسے اپنا عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی فورس کے 60 ہزار سے زائد ارکان رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، رہائی فورس کا تمام ڈیٹا، ڈیٹا بیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، رہائی فورس سے متعلق جلد بڑی خبر سامنے آئے گی، پارٹی قیادت تین سال مکمل ہونے سے قبل یا بعد میں لائحہ عمل دے گی، پارٹی کی سیاسی کمیٹی میں مشاورت جاری ہے، ہماری خواہش ہے کہ تین سال مکمل ہونے کی نوبت ہی نہ آئے۔