پاسداران انقلاب کا 85 امریکی فوجی اہداف پر حملوں کا دعویٰ

یہ کارروائی ایران میں امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی، جسے تہران نے اپنی ابتدائی جوابی کارروائی قرار دیا ہے۔

July 8, 2026 · اہم خبریں

ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، جن میں 85 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی ایران میں امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی، جسے تہران نے اپنی ابتدائی جوابی کارروائی قرار دیا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں میں بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈکوارٹر، پورٹ سلمان اور کویت میں علی السالم فضائی اڈے سمیت متعدد فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں ایک امریکی ایم کیو نائن ڈرون مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اس سے قبل امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹ کام) نے ایران میں 80 سے زائد اہداف پر حملوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کارروائیاں آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے ردعمل میں کی گئیں۔

ادھر کویتی حکام نے بھی فضائی دفاعی نظام کی سرگرمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی، جبکہ بحرین میں بھی خطرے کے سائرن بجنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

فریقین کی جانب سے کیے گئے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔