ایران معاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہے،ٹرمپ کا دعویٰ
اصل سوال یہ ہے کہ اگر کوئی معاہدہ طے پا بھی جاتا ہے تو کیا ایران اس پر مکمل عمل درآمد کرے گا یا نہیں
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے حال ہی میں امریکا سے رابطہ کیا ہے اور ممکنہ معاہدے کے لیے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
صدارتی طیارے ایئرفورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے، تاہم ان کے بقول ابھی یہ واضح نہیں کہ کسی ممکنہ معاہدے سے عملی فائدہ ہوگا یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ اگر کوئی معاہدہ طے پا بھی جاتا ہے تو کیا ایران اس پر مکمل عمل درآمد کرے گا یا نہیں۔ ان کے مطابق یہی معاملہ کسی بھی ممکنہ پیش رفت میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کہ آیا امریکا ایران کے ساتھ مکمل فوجی تنازع کی جانب بڑھ رہا ہے، صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس بارے میں فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا فوجی لحاظ سے برتری حاصل کر چکا ہے اور صورتحال اس کے حق میں ہے۔
ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں یہ مؤقف بھی دہرایا کہ ایران اس وقت مشکل حالات کا سامنا کر رہا ہے اور اسی وجہ سے وہ امریکا کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
صدر ٹرمپ کے ان بیانات پر ایران کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔