آزاد کشمیر میں مذاکرات کی کامیابی پر فیلڈ مارشل کاشکریہ،سردارعمر نذیر

کور کمیٹی کی مشاورت کے بعد لانگ مارچ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا

July 15, 2026 · امت خاص, قومی

فائل فوٹو

جموں کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے سینئر رہنما سردار عمر نذیر کشمیری نے کہا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کا سہرا فیلڈ مارشل عاصم منیر کے سر ہے، جنہوں نے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے سربراہ سید قمر رضا کو مذاکرات کا مینڈیٹ دیا۔

راولاکوٹ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عمر نذیر کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر طرف سے مایوس ہو کر فیلڈ مارشل عاصم منیر کے نام خط لکھا اور انہیں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے اپیل کی کہ آپ یہ مسئلہ حل کر سکتے ہیں، ہم انصاف آپ پر چھوڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ خط ترکی میں فیلڈ مارشل تک پہنچایا گیا، جس کے بعد انہوں نے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا کو مذاکرات کا مینڈیٹ دیا، جو اس سے پہلے بھی ہم سے مذاکرات کر چکے تھے۔

عمر نذیر کے مطابق گزشتہ رات 11 بجے سے فجر تک آن لائن اجلاس ہوا، جس میں کچھ امور پر اتفاق کیا گیا اور آج فیصلہ سامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہ چند دنوں میں تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنے کا وعدہ کیا گیا، جس پر کور کمیٹی سے مشاورت کے بعد لانگ مارچ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔