آزاد کشمیر سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بھیجے گئے خط نے صورتحال تبدیل کی۔ ثالث کا تقرر

بریک تھرو کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

July 16, 2026 · امت خاص

 

 جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے پاک فوج کے سربراہ ،چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خط لکھ کر جموں کشمیر کے موجودہ حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا ۔

13 جولائی 2026 کو لکھے گئے اس خط میں کمیٹی نے 5 جون سے علاقے میں جاری بدترین صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے عوام کی مشکلات کو اجاگر کیا گیا تھا۔

کمیٹی نے خط میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اس اقدام کا شکریہ ادا کیا جس میں سید قمر رضا شاہ کو کشمیر کے سنگین حالات پر نمائندہ خصوصی مقرر کیا گیا۔

سید قمر رضا شاہ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے جانے جاتے ہیں۔

 

خط میں کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد کر رہے ہیں، تاہم کچھ عناصر پاکستان اور کشمیر میں دونوں قوموں کے درمیان نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کمیٹی نے سید قمر رضا شاہ کی طرف سے کشمیری عوام کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہوئے ثالثی کی کوشش کو خوش آئند اور نیک شگون قرار دیا ہے۔

کمیٹی نے امید ظاہر کی ہے کہ مطالبات کے حوالے سے طے پانے والے تمام معاملات پر عملدرآمد ہو گا اور یہ مثبت اقدام مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

دریں اثنا، ایکشن کمیٹی کے کور ممبر سردار عمر نذیر کشمیری کی طرف سے سید قمر شاہ کو مراسلہ بھیجا گیا ہے۔

 

مراسلے میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر کے عوام 5 جون سے بدترین حالات کا شکار ہیں۔ چند پاکستان اور کشمیر دشمن عناصر نے کشمیریوں اور پاکستانیوں کے درمیان نفرت کے بیج بوئے ۔ کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق کے لیے پُرامن جدوجہد کر رہے ہیں ۔

 

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کشمیر کے سنگین حالات پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپ کو نمائندہ خصوصی مقرر کیا ۔جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ان کی مشکور ہے۔

سردار عمر نذیر نے سید قمر رضا کو خط میں مزید کہا کہ آپ کی طرف سے ثالثی نیک شگون ہے۔