کویت میں فوجی بھرتیوں کا اعلان،رجسٹریشن کا شیڈول اور اہلیت کی تفصیلات جاری
آن لائن رجسٹریشن 28 جولائی 2026 سے شروع ہوگی، جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔
کویت: کویتی وزارتِ دفاع نے جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز کے تحت عسکری سروس میں رضاکارانہ بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ بھرتی کا یہ عمل نان کمیشنڈ افسران اور جوانوں کے تربیتی کورسز کے لیے ہوگا، جس میں مختلف تعلیمی قابلیت رکھنے والے اہل کویتی شہری درخواست دے سکیں گے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق آن لائن رجسٹریشن 28 جولائی 2026 سے شروع ہوگی، جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔
اعلان کے مطابق یونیورسٹی ڈگری، ڈپلومہ، انٹرمیڈیٹ یا اس کے مساوی تعلیم رکھنے والے امیدواروں کے علاوہ گیارہویں، دسویں، نویں اور آٹھویں جماعت تک تعلیم مکمل کرنے والے کویتی شہری بھی مقررہ شرائط کے تحت درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کا کویتی شہری ہونا لازمی ہے، جبکہ عمر 18 سے 26 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ امیدوار کو طبی معائنے میں فوجی سروس کے لیے مکمل طور پر فٹ قرار دیا جانا، کم از کم 157 سینٹی میٹر قد ہونا اور ذاتی انٹرویو کامیابی سے پاس کرنا بھی ضروری ہوگا۔
تعلن رئاسة الأركان العامة للجيش
هيئة الإدارة والقوه البشرية
عن فتح باب التطوع بشرف الخدمة العسكرية( حملة الشهادات الجامعية وشهادات الدبلوم وشهادات الثانوية العامة وما يعادلها والحادي عشر وما دون )
و على الراغبين بالتطوع التسجيل عن طريق موقع وزارة الدفاع و الخاص بفرع تجنيد… pic.twitter.com/3KQPXxTW9b— KUWAIT ARMY – الجيش الكويتي (@KuwaitArmyGHQ) July 27, 2026
حکام کے مطابق سنگین جرائم، بدعنوانی یا اخلاقی بدکرداری میں سزا یافتہ افراد، یا سرکاری ملازمت سے تادیبی کارروائی کے نتیجے میں برطرف کیے گئے امیدوار اس بھرتی کے اہل نہیں ہوں گے۔ پہلے سے ملازمت کرنے والے امیدواروں کو حتمی منظوری کے بعد اپنی موجودہ ملازمت چھوڑنا ہوگی۔
وزارت نے تعلیمی قابلیت کے مطابق فوجی رینکس کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔ پی ایچ ڈی اور ماسٹرز ڈگری رکھنے والے امیدواروں کو وارنٹ آفیسر، یونیورسٹی گریجویٹس کو سارجنٹ میجر، ڈپلومہ اور انٹرمیڈیٹ پاس امیدواروں کو سارجنٹ، جبکہ نویں سے گیارہویں جماعت تک تعلیم رکھنے والوں کو کارپورل کے عہدے پر تعینات کیا جائے گا۔ آٹھویں جماعت یا اس سے کم تعلیم رکھنے والے امیدوار سپاہی کے طور پر بھرتی ہوں گے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق نان کمیشنڈ افسران کے تربیتی کورس کی مدت چار ماہ جبکہ عام فوجیوں کی بنیادی تربیت تین ماہ ہوگی۔
درخواست کے ساتھ کویتی شہریت کا سرٹیفکیٹ، سول شناختی کارڈ، پیدائش کا سرٹیفکیٹ، تعلیمی اسناد، متعلقہ سروس دستاویزات، والدین کی شہریت کی نقول، حالیہ پاسپورٹ سائز تصاویر اور ضرورت کے مطابق دیگر دستاویزات آن لائن جمع کرانا ہوں گی۔ امیدواروں کو انٹرویو کے وقت تمام اصل دستاویزات بھی پیش کرنا ہوں گی۔
وزارتِ دفاع نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ تمام دستاویزات واضح اور درست معیار کے مطابق اپ لوڈ کریں تاکہ درخواست کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔