آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ ، پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع
آج مظفرآباد ڈویژن کے 3 اضلاع مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی کے 8 انتخابی حلقوں اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹ دالے گئے۔
فائل فوٹو
مظفر آباد: آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ کا عمل مکمل جب کہ ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت آج مظفرآباد ڈویژن کے 3 اضلاع مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی کے 8 انتخابی حلقوں اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا ختم ہو گیا۔مظفرآباد ڈویژن پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا کر6بجے تک کر دیا گیاتھا۔
الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کے لیے صبح 8 سے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر کیا تھا۔ بعد ازاں مظفر آباد ڈویژن میں پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ توسیع کی گئی، جس کے بعد ووٹرز شام 6 بجےتک ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج 21 نشستوں پر پولنگ شیڈول تھی، جس میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 جب کہ مہاجرین کی 12 نشستیں شامل تھیں۔ تاہم الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد میں پولنگ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے 27 میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد سڑکیں بند ہیں جس کے نتیجے میں انتخابی عملہ اور انتخابی سامان بروقت نہ پہنچ سکا، جس کے بعد اس حلقے میں پولنگ 4 اگست کو ہوگی۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں مجموعی طور پر آٹھ لاکھ 95 ہزار 66 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جن میں چار لاکھ 27 ہزار 400 مرد جبکہ تین لاکھ 82 ہزار 167 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
دوسری جانب، پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر مجموعی ووٹرز کی تعداد چار لاکھ 38 ہزار 834 ہے، جن میں دو لاکھ 47 ہزار 776 مرد اور ایک لاکھ 91 ہزار 54 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔انتخابی عمل کے شفاف اور پرامن انعقاد کے لیے مظفرآباد ڈویژن میں ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جب کہ آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کے لیے آج مختلف شہروں میں پولنگ ہوئی۔
جموں اور وادی کشمیر کی چھ، چھ نشستوں پر ملک کے مختلف شہروں میں مقیم 4 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جبکہ ان نشستوں پر مجموعی طور پر 143 امیدوار میدان میں ہیں۔ان میں سے 533 کو انتہائی حساس، 741 کو حساس جبکہ 209 کو نارمل قرار دیا گیا جبکہ پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں کے لیے ایک ہزار 57 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں تمام 21 نشستوں پر پولنگ کے لیے شام پانچ بجے تک کا وقت مقرر کیا تھا، تاہم اب مظفر آباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر پولنگ میں ایک گھنٹہ کا وقت بڑھا دیا گیا ہے۔پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کی جائے گی اور غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج موصول ہونا شروع ہوجائیں گے۔
ایل اے 27 مظفرآباد ون میں پولنگ ملتوی
ایل اے 27 مظفر آباد ون میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی، بارش اور لینڈسلائیڈنگ کے باعث پولنگ کا عملہ نہ پہنچ سکا۔
آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 27 کے ملتوی الیکشن 4 اگست کو ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر آزاد کمشیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارش اور لینڈسلائیڈنگ سے انتخابی عمل کے حلقے میں نہ پہنچنے کے باعث پولنگ ملتوی کی گئی، پیپلزپارٹی کے اعتراضات پر کارروائی کر کے انہیں آگاہ کر دیا گیا۔
ایل اے-28 کے 71 پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عملہ نہ پہنچنے پر شکایت ارسال
پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے حلقہ ایل اے-28 میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سید بازل نقوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو باضابطہ تحریری شکایت ارسال کرتے ہوئے 71 پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عملہ مقررہ وقت تک نہ پہنچنے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ نہ پہنچنے کے باعث مقررہ وقت پر پولنگ کا آغاز نہیں ہو سکا، جس کے نتیجے میں صبح سے انتظار کرنے والے ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور بڑی تعداد میں شہری اپنے حق رائے دہی سے محروم ہونے کے خدشے سے دوچار ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام متاثرہ 71 پولنگ سٹیشنز پر فوری طور پر انتخابی عملہ تعینات کیا جائے، پولنگ کے ضائع ہونے والے وقت کے ازالے کیلئے پولنگ کے اوقات میں مناسب توسیع کی جائے تاکہ کوئی ووٹر اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ رہے، جبکہ تمام متاثرہ پولنگ اسٹیشنز کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے۔
مزید کہا گیا کہ پولنگ شروع ہونے کے اصل وقت کو دستاویزی شکل دی جائے اور اس سنگین انتظامی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔