افغانستان میں طالبان مخالف ایک اور نیا مسلح گروپ سامنے آگیا

فاریاب میں لبریشن فرنٹ کی سرگرمیاں، طالبان مخالف کارروائیوں میں اضافہ رپورٹ

August 4, 2026 · امت خاص

فائل فوٹو

 

افغانستان میں طالبان رجیم کے خلاف مسلح مزاحمت کا دائرہ مزید وسیع ہونے کے دوران ایک نیا طالبان مخالف گروپ سامنے آگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق طالبان کے طرزِ حکومت، نسلی امتیاز اور کرپشن کے خلاف افغان عوام کی مزاحمت زور پکڑ رہی ہے، جبکہ تعلیم، روزگار اور انسانی حقوق پر پابندیوں کے خلاف بھی ردعمل میں اضافہ ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان شہریوں کی یورپ کی جانب نقل مکانی میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے۔

ذرائع کے مطابق طالبان مخالف نیا گروپ افغانستان کے صوبے فاریاب میں سامنے آیا ہے، جہاں پیر کے روز طالبان پر حملہ لبریشن فرنٹ کے جنگجوؤں نے کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لبریشن فرنٹ چند دن میں اپنی تنظیمی ساخت اور سرگرمیوں کا باضابطہ اعلان کرے گا۔

ذرائع کے مطابق افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے سربراہ جنرل سمیع سادات اور افغانستان فریڈم فرنٹ کے جنرل یاسین ضیا بھی طالبان کے خلاف مزاحمت تیز کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

حالیہ ہفتوں میں بدخشان کے یفتل، زیبک اور ارگو اضلاع میں طالبان مخالف کارروائیوں کے بعد فاریاب بھی مزاحمت کی نئی سرگرمیوں کا مرکز رہا، جبکہ غورمچ ضلع میں بھی طالبان پر ایک اور حملہ کیا گیا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ تین ماہ کے دوران طالبان نے 186 سابق فوجی اہلکاروں کو قتل کیا ہے۔