آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، ووٹوں کی گنتی جاری,ساجد اقبال عباسی کو سردار عتیق پر برتری
حلقے کے مختلف پولنگ اسٹیشنز سے نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری
فائل فوٹو
باغ :آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے کیلئے باغ اور حویلی میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا جب کہ ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی۔
آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے 14 باغ 1، ایل اے 15 باغ 2 ، ایل اے 16 باغ 3 اور حلقہ ایل اے 17 باغ 4 حویلی میں پولنگ ہوئی۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔
قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 14 غربی باغ-1 میں ہونے والے انتخاب کے موصولہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
اب تک کے موصولہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق نوجوان آزاد امیدوار ساجد اقبال عباسی کو جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان پر برتری حاصل ہے۔
حلقہ ایل اے 14 غربی باغ-1 کے 79پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق نوجوان آزاد امیدوار ساجد اقبال عباسی 17430ووٹ لے کر آگے جبکہ سردار عتیق احمد خان 7152 ووٹ لے کر دوسرے نمبر ہیں۔
حلقے کے مختلف پولنگ اسٹیشنز سے نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور آزاد و منصفانہ عمل کے تحت ووٹوں کی گنتی کا کام مکمل کیا جا رہا ہے۔ نوجوان امیدوار ساجد اقبال عباسی کی برتری کی خبر سامنے آتے ہی ان کے حامیوں اور کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور دفاتر کے باہر جشن کا ماحول ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ایل اے 14 باغ میں روایت پسند اور تجربہ کار قیادت کے سامنے ایک نوجوان امیدوار کا برتری حاصل کرنا آزاد کشمیر کی مقامی سیاست میں اہم تحرک اور تبدیلی کا اشارہ دے رہا ہے۔ انتخابی عملے کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنز کے مکمل اور حتمی سرکاری نتائج کا باضابطہ اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام مرحلہ وار گنتی مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ انتخابی حلقوں میں ایل اے 14، ایل اے 15، ایل اے 16 اور ایل اے 17 شامل ہیں، جہاں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
تیسرے مرحلے کے الیکشن میں کل 82 امیدوار میدان میں ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق پونچھ اور سدھنوتی کے حلقوں میں انتخابات مؤخر کر دیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 میں سے 9 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوئی تھی، جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 سیٹوں پر میدان مارا، جبکہ دوسرے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخاب ہوا، جن میں سے مسلم لیگ (ن) 15 اور پیپلز پارٹی 6 نشستوں پر کامیاب قرار پائی۔