راولپنڈی فائرنگ واقعہ : تحریک انصاف کا عدالتی تحقیقات کا مطالبہ
تحریک انصاف ایک پُر امن، آئینی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعت ہے ، سوشل میڈیا پر بیان
فائل فوٹو
اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے راولپنڈی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے پر عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق سامنے آنے سے قبل کسی سیاسی جماعت یا اس کے کارکنوں کو موردِ الزام نہیں ٹھہرایا جانا چاہیے۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنے ویڈیو بیان میں یہ الزام لگایا کہ سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کرنے والا شخص پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کارکن تھا۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں پی ٹی آئی نے کہا کہ واقعے کے فوراً بعد سیاسی الزامات عائد کرنا اور ’محض چند منٹوں کے اندر پریس کانفرنس کے ذریعے ایک مخصوص بیانیہ قائم کرنے کی کوشش کرنا کئی سنجیدہ سوالات کو جنم دیتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ تحریک انصاف ایک پُر امن، آئینی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعت ہے اور کسی بھی واقعے کو سیاسی مخالفین کے خلاف الزام تراشی، کردار کشی یا سیاسی فائدے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تفصیلات، سی سی ٹی وی فوٹیج، دستیاب شواہد اور تحقیقات کے نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں۔
واضح رہے کہ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق آج دن 11 بج کر 15 منٹ پر راولپنڈی مال روڈ پر ایک شخص نے پستول سے سیکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ ٹیم پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا جبکہ حملہ آور جوابی فائرنگ میں ہلاک ہو گیا۔