نوجوانوں کی ترقی ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،صدر،وزیر اعظم

معیاری تعلیم، باعزت روزگار اور جدید مواقع نوجوانوں کی اہم ضروریات ہیں۔

August 12, 2026 · اہم خبریں

 اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ان کے مطابق ملک کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے انہیں بااختیار بنانا پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ معیاری تعلیم، باعزت روزگار اور جدید مواقع نوجوانوں کی اہم ضروریات ہیں۔ نوجوان خواتین کو آگے بڑھنے اور قیادت کے مواقع فراہم کرنا بھی ملکی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ نوجوان دیانت داری، برداشت اور خدمت کے جذبے کو اپناتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کا عالمی دن اس بات کی یاد دہانی ہے کہ دنیا کے مختلف حالات میں رہنے والے نوجوان روشن مستقبل کے لیے یکساں خواب اور خواہشات رکھتے ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستانی نوجوانوں نے مختلف شعبوں میں ملک کا نام قومی اور عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔ حکومت نوجوانوں کی تعلیمی، فکری، جسمانی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر توجہ دے رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم، فنی تربیت، روزگار، کاروبار، ڈیجیٹل شعبے اور سماجی سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کے لیے کام کر رہا ہے، جبکہ پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت کے نظام کو بھی عالمی معیار کے مطابق مزید بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ محنت، ذمہ داری اور خدمتِ وطن کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں، کیونکہ نوجوانوں کی ترقی ہی پاکستان کی پائیدار ترقی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔