جڑواں شہروں میں شدید بارش، نالہ لئی میں پانی بلند،انخلا شروع

گوالمنڈی اور کٹاریاں کے علاقوں میں الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت

August 12, 2026 · قومی

راولپنڈی: راولپنڈی، اسلام آباد اور گردونواح میں شدید بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کے انخلا کا عمل شروع کردیا۔

گزشتہ رات سے جاری بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی مسلسل بڑھتا رہا، جس کے بعد گوالمنڈی اور کٹاریاں کے علاقوں میں الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔ صورتحال کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سیلابی خطرے سے خبردار کرنے والے سائرن بھی بجائے گئے۔

حکام کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح تقریباً 22 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 19 فٹ تک پہنچ گئی۔ بعد ازاں پانی کی سطح میں کچھ کمی ریکارڈ کی گئی تاہم دونوں مقامات پر الرٹ برقرار رکھا گیا۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج سے بھی معاونت طلب کرلی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو نالہ لئی، دیگر ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

بارش کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں مجموعی طور پر 74 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی۔ اسلام آباد کے گولڑہ میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سیدپور، ایچ ایٹ اور بوکرا سمیت مختلف علاقوں میں بھی نمایاں بارش ہوئی۔

راولپنڈی میں نیو کٹاریاں، پیرودھائی، شمس آباد، گوالمنڈی اور کچہری چکلالہ کے علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب کے مختلف علاقوں، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

ادھر مقبوضہ جموں اور بالائی علاقوں میں شدید بارش کے باعث شکرگڑھ کے نالہ بئیں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس سے متعدد دیہات کی فصلیں زیر آب آنے کی اطلاعات ہیں۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور گڈو بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دیگر دریاؤں میں صورتحال معمول کے مطابق بتائی گئی ہے۔