آج آسمان پر 6 سیاروں کی نایاب فلکیاتی قطار نظر آئے گی
یہ منظر طلوع آفتاب سے پہلے دیکھا جاسکے گا۔ سیارے مشرقی افق سے جنوب مغربی آسمان تک ایک قوس کی صورت میں نظر آئیں گے۔
لاہور: 12 اگست کو آسمان پر ایک دلچسپ فلکیاتی منظر دیکھنے کو ملے گا، جب 6 سیارے ایک ہی سمت میں دکھائی دیں گے۔ اس فلکیاتی مظہر میں مشتری، عطارد، مریخ، زحل، یورینس اور نیپچون شامل ہوں گے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق یہ منظر طلوع آفتاب سے پہلے دیکھا جاسکے گا۔ سیارے مشرقی افق سے جنوب مغربی آسمان تک ایک قوس کی صورت میں نظر آئیں گے۔
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ سیارے خلا میں حقیقتاً ایک سیدھی قطار میں موجود نہیں ہوں گے، بلکہ زمین سے مشاہدے کے دوران ایک ہی سمت میں دکھائی دینے کی وجہ سے اسے ’پلینٹری پریڈ‘ کہا جاتا ہے۔
مریخ اور زحل کو عام آنکھ سے نسبتاً آسانی سے دیکھا جاسکے گا، تاہم عطارد اور مشتری افق کے قریب ہونے کی وجہ سے ان کا مشاہدہ قدرے مشکل ہوگا۔
یورینس اور نیپچون کو دیکھنے کے لیے دوربین یا بائنوکیولر کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق صاف اور کھلا مشرقی افق اس فلکیاتی منظر کو دیکھنے کے لیے زیادہ موزوں ہوگا۔
12 اگست کو فلکیاتی شائقین کے لیے ایک اور اہم موقع بھی موجود ہے، کیونکہ پرسیڈ میٹیور شاور بھی اپنے عروج کے قریب ہوگا۔
ماہرین کے مطابق نئے چاند کے باعث رات کے وقت آسمان نسبتاً تاریک رہے گا، جس سے شہابیوں کو دیکھنے کے امکانات بہتر ہوں گے۔
یوں 12 اگست فلکیاتی شائقین کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس روز سیاروں کی پریڈ سمیت متعدد فلکیاتی مظاہر کا مشاہدہ کیا جاسکے گا۔