سندھ ہائیکورٹ:ای چالانز کے خلاف درخواستوں پر سماعت ملتوی

سندھ ہائیکورٹ میں ای چالانز سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی، جہاں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کی جانب سے مؤقف بھی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔

August 12, 2026 · قومی

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر جاری ہونے والے ای چالانز کے خلاف دائر مختلف درخواستوں کی سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں ای چالانز سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی، جہاں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کی جانب سے مؤقف بھی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔
درخواست گزاروں کے وکیل عثمان فاروق نے عدالت کو بتایا کہ شارع فیصل پر لین تبدیل کرنے کی بنیاد پر شہریوں کو ای چالان جاری کیے جارہے ہیں، جبکہ سڑک کے کئی مقامات پر لین واضح طور پر متعین نہیں۔
وکیل نے ای چالان کے ساتھ ڈی میرٹ پوائنٹس کی کٹوتی کے نظام میں موجود تکنیکی مسائل کی بھی نشاندہی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی میرٹ پوائنٹس گاڑی کے رجسٹرڈ مالک کے بجائے اصل ڈرائیور کے اکاؤنٹ میں شمار ہونے چاہئیں۔
دلائل سننے کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے ای چالانز کے خلاف درخواستوں کی مزید سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔