لاہور کی اسکائی لائن پر پاکستان کی سب سے بڑی تھری ڈی اسکرین نصب

اس اسکرین کے ذریعے برانڈز اپنی مصنوعات، شناخت اور تخلیقی مواد کو بڑے اور منفرد انداز میں شہریوں کے سامنے پیش کرسکیں گے۔

August 12, 2026 · قومی

لاہور: سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) نے لاہور میں جدید ٹیکنالوجی سے مزین پاکستان کی بڑی تھری ڈی اسکرین نصب کردی ہے، جسے ’دی بگ ون‘ کا نام دیا گیا ہے۔

سی بی ڈی ورٹیکس پر نصب اس ڈیجیٹل اسکرین کا حجم 122 بائی 70 فٹ ہے۔ اسے لاہور کی اسکائی لائن پر ایک بڑے ڈیجیٹل کینوس کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے، جہاں تصاویر، ویڈیوز اور تھری ڈی اینیمیشنز دکھائی جاسکیں گی۔

سی بی ڈی پنجاب کے مطابق ’دی بگ ون‘ کو نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں موجود بڑے ڈیجیٹل ڈسپلے کی طرز پر تیار کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ملکی اور غیر ملکی برانڈز کو تشہیر کے لیے ایک جدید اور نمایاں پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکرین کے ذریعے برانڈز اپنی مصنوعات، شناخت اور تخلیقی مواد کو بڑے اور منفرد انداز میں شہریوں کے سامنے پیش کرسکیں گے۔

سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے منصوبے کو ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’دی بگ ون‘ سی بی ڈی پنجاب کے جدید منصوبوں کا تسلسل ہے اور بڑے برانڈز کے لیے تشہیر کا ایک نیا ذریعہ ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس ڈیجیٹل اسکرین کو بنیادی طور پر کمرشل ایڈورٹائزنگ کے لیے استعمال کیا جائے گا، جبکہ اس سے لاہور کے ڈیجیٹل منظرنامے کو بھی نئی شناخت ملے گی۔

سی بی ڈی پنجاب کے مطابق جدید تھری ڈی اینامورفک ٹیکنالوجی سے لیس یہ اسکرین لاہور میں ڈیجیٹل تشہیر کے نئے رجحانات متعارف کرانے کے ساتھ شہر کی جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی شناخت کو بھی نمایاں کرے گی۔