بحیرہ احمر میں حوثیوں کا حملہ، 3 پاکستانی جاں بحق، ایک زخمی ہوا،اسحاق ڈار

واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے سعودی حکام اور یمن کی حکومت سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔

August 12, 2026 · قومی

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعے میں 3 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق تجارتی جہاز پر حملہ بے گناہ انسانی جانوں اور سمندری سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے سعودی حکام اور یمن کی حکومت سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کو جاں بحق شہریوں کی میتیں وطن واپس لانے کے انتظامات اور زخمی پاکستانی کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یمنی حکام اور کوسٹ گارڈ ذرائع نے بحیرہ احمر میں باب المندب کے قریب ایک کارگو جہاز پر حوثیوں کے حملے کی اطلاع دی تھی۔ ذرائع کے مطابق حملے میں جہاز کے ڈیک کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عملے کے 3 افراد جان سے گئے۔

پاکستانی حکام کی جانب سے متاثرہ شہریوں سے متعلق مزید تفصیلات اور وطن واپسی کے انتظامات کے حوالے سے پیش رفت جاری ہے۔