محسن نقوی نے ایرانی صدر کو شہباز شریف اور عاصم منیر کا پیغام پہنچا دیا
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے بھی ایرانی صدر کو آگاہ کیا۔
تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان تہران میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے خصوصی پیغام پہنچایا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے بھی ایرانی صدر کو آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ محسن نقوی نے گزشتہ روز تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد ایرانی صدر نے کہا تھا کہ ایران پاکستان کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیکیورٹی شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے اور انہیں مزید مستحکم کرنے میں وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی دلچسپی اور تعاون قابلِ قدر ہے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ سفارتی رابطوں کو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔