والد نے جہاد کشمیر میں حصہ لیا تھا،صدر آصف علی زرداری
قیام امن کے لیے ہم دنیا کے ساتھ کھڑے ہیں،یادرگارفتح پر تقریب سے خطاب
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میرے والد حاکم زرداری نے بھی جہاد کشمیر میں حصہ لیاتھا۔ پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں یادگار فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا۔صدر مملکت نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کو ذلت آمیز شکست دی۔ معرکہ حق میں کامیابی، شہدا اور غازیوں کی لازوال داستان ہے۔
صدرزرداری کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر جہاد میں شرکت کے لیے قوم کو پکارا تو سندھ، کے پی اور دیگر علاقوں نے لوگوں نے لبیک کہا اور بھارتی فوج سے مقابلہ کیا۔ میرے والد حاکم علی زرداری نے بھی جہاد کشمیر میں حصہ لیا۔
صدرنے مزید کہا کہ قیام امن کے لیے ہم دنیا کے ساتھ کھڑے ہیں اور عالمی امن و استحکام میں پاکستان کے کردار کی دنیا معترف ہے۔ٹرمپ 99 بار کہہ چکا ہے کہ یہ میرا بیسٹ فیلڈ مارشل ہے یہ اس کا نہیں ہمارے فیلڈ مارشل ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ایران امریکا جنگ بندی میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم اور وزیرداخلہ نے اہم کردار ادا کیا ہے،عالمی برادری کے ساتھ مل کر دنیا کے امن اور خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، امریکہ بھی عالمی امن کے لیے فیلڈ مارشل کی کاوشوں کا معترف ہے،امریکی صدر نے انہیں بہترین فیلڈ مارشل قرار دیا ہے،اسلامی ممالک کے اتحاد کے لئے پاکستان کا اہم کردار ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بھی اسلامی کانفرنس میں دنیا بھر کے مسلمان رہنماؤں کو اکٹھا کیا تھا،ہم پہلے بھی کامیاب رہے ہیں اور آئندہ بھی سرخرو ہوں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کا ثمر ہے،کوئی بھی جنگ نہیں چاہتا کیونکہ جنگوں سے صرف تباہی آتی ہے،پاکستان دنیا میں قیام امن کے لیے کوششیں کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ اکھنڈ بھارت کی بات کرنے والے بھول جاتے ہیں ہم مسلمان ہیں اور اسلام برداشت کا درس دیتا ہے،پاکستان میں بسنے والی ہندو آبادی کو اسی طرح مکمل آزادی حاصل ہے جس طرح انہیں کسی دوسرے ملک میں ہے۔