خلیجی ممالک میں کشیدگی،پاکستان سے درجنوں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار
سعودی عرب، بحرین، دبئی اور دیگر خلیجی مقامات جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
خلیجی ممالک میں کشیدگی،پاکستان سے درجنوں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار(فائل فوٹو)
خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان کے مختلف ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن ایک بار پھر متاثر ہوگیا، جس کے نتیجے میں سعودی عرب، بحرین، دبئی اور دیگر خلیجی مقامات جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جدہ اور ریاض جانے والی سات سے زائد پروازوں کو سعودی عرب کے دیگر ہوائی اڈوں کی جانب منتقل کرکے وہاں اتارا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر 21 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ متعدد پروازیں تین سے 10 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں۔
پروازوں کی منسوخی اور غیر معمولی تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ملکی اور غیر ملکی فضائی کمپنیوں نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کرلیں۔