بلوچستان بھرمیں موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل، ٹرین سروس بھی دو دن کے لیے بند

موبائل فون انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ۔

August 14, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس آج دوسرے روز بھی معطل رہی جبکہ کوئٹہ سے ٹرین سروس کو بھی دو روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

کوئٹہ شہر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں انٹرنیٹ سروس گزشتہ روز دوپہر معطل کی گئی تھی جو آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔

موبائل فون انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اگرچہ سرکاری سطح پر انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ نہیں بتائی گئی تاہم گذشتہ اتوار کو جب کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس بند کی گئی تھی تو وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اس کی وجہ سیکیورٹی خدشات بتائی تھی۔

دریں اثنا آج سے دو روز کے لیے کوئٹہ اور پاکستان کے دیگر صوبوں کے درمیان ٹرین سروس کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

محکمہ ریلویز کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹرین سروس سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بند کء گئی ہے۔

اہلکار کے مطابق اس فیصلے کے باعث جعفر ایکسپریس آج کوئٹہ سے روانہ نہیں ہوسکی جبکہ 15اگست کو بھی جعفر ایکسپریس کی آمد ورفت معطل رہے گی۔