آزادی صرف سرزمین حاصل کرنے کا نام نہیں تھا، بلاول بھٹو زرداری کا غیرمعمولی پیغام
آئینِ پاکستان میں درج حقوق اور وعدوں کی روح کے مطابق عمل درآمد میں اب بھی کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی آزادی کے 79 سال مکمل ہونے کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صرف سرزمین حاصل کرنے کا نام نہیں تھا، بلکہ یہ ان تمام علاقوں، ریاستوں اور یہاں کے عوام سے کیا گیا ایک مقدس آئینی و حقوق کا وعدہ تھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس امر پر زور دیا کہ آئینِ پاکستان میں درج حقوق اور وعدوں کی روح کے مطابق عمل درآمد میں اب بھی کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2047 میں آزادی کی سو سالہ تقریبات تک موجودہ نسل کا اصل امتحان ان آئینی وعدوں کو ملک کے ہر شہری کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے آئینی وعدوں کی پاسداری اور مستقبل کی حکمت عملی کے لیے درج ذیل اہداف کو سب سے مقدم قرار دیا،ہر شہری اپنی محنت سے عزّت کا روزگار کما کر گھر چلا سکے۔
انھوں نے کہاکہ ملک کے شباب و نوجوان نسل کو اپنے ہی وطن میں عزّتِ نفس کے ساتھ روزگار کے مواقع ملیں۔عوام کے دیے گئے ہر ایک ووٹ کا احترام اور تقدس یقینی بنایا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ملک کے ہر چھوٹے بڑے علاقے اور صوبے کو قومی ترقی میں اس کا جائز حصہ ملے۔
پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ آزادی کا حقیقی ثمر اسی وقت حاصل ہو سکتا ہے جب “آزادی ہر گھر تک” کا پیغام عملی شکل اختیار کرے تاکہ پورا ملک پائیدار ترقی کی سمت گامزن ہو۔
جشنِ آزادی مبارک! پاکستان کھپے! پاکستان پائندہ باد!