سعودی ریاض ایئر کا پاکستان میں فضائی آپریشن شروع
طیارے کی آمد پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے روایتی واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا، جس کے بعد مسافروں کو ٹرمینل منتقل کیا گیا۔
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے پاکستان میں اپنے باقاعدہ فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایئرلائن کی پہلی پرواز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جس سے ریاض اور اسلام آباد کے درمیان براہِ راست فضائی رابطہ قائم ہوگیا۔
ریاض ایئر کی پرواز آر ایکس 660 جمعے کی شام 7 بج کر 42 منٹ پر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی۔ پرواز میں 69 مسافر سوار تھے۔ طیارے کی آمد پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے روایتی واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا، جس کے بعد مسافروں کو ٹرمینل منتقل کیا گیا۔
ریاض ایئر کے پاکستان میں فضائی آپریشن کے آغاز پر ایئرپورٹ پر ایک افتتاحی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید، اعلیٰ حکام اور ریاض ایئر کی انتظامیہ نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ نئی فضائی سروس دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کے مطابق براہِ راست فضائی رابطے میں اضافے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفر مزید آسان ہوگا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے بھی ریاض ایئر کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور نئی فضائی سروس کے آغاز کو دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا۔