فیلڈ مارشل عاصم منیر کا سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ

تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے لیے سابق فوجیوں کی خدمات کو سراہا اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

August 15, 2026 · اہم خبریں

یومِ آزادی کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے سابق افسران اور جوانوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، جس میں بڑی تعداد میں ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے لیے سابق فوجیوں کی خدمات کو سراہا اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی استقامت کو مضبوط بنانے میں سابق فوجیوں کا کردار اہم ہے۔ ان کے تجربے اور رہنمائی کو پاک فوج کا قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی حالات سے نمٹنے کے لیے سابق فوجیوں کی رہنمائی اہمیت رکھتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملک کو درپیش نئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

سابق فوجیوں نے قومی اتحاد، امن، استحکام اور ملکی خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

استقبالیے کے دوران ملکی دفاع کے لیے سابق فوجیوں کی خدمات، قربانیوں اور طویل تجربے کو سراہا گیا۔