مذاکرات کامیاب،منی مزدا ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی
ہڑتال کے خاتمے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کا نظام بحال ہوگیا اور سڑکوں پر مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہوگئی
حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد منی مزدا ایسوسی ایشن کے دونوں دھڑوں نے پانچ روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ہڑتال کے خاتمے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کا نظام بحال ہوگیا اور سڑکوں پر مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہوگئی۔ ٹرانسپورٹرز کے اتحاد میں مختلف گڈز ٹرانسپورٹ تنظیمیں شامل تھیں۔
منی مزدا ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ برادری، ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق حکومت سے ہونے والے معاہدے اور کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کی امید ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر معاہدے پر عمل نہ کیا گیا تو مستقبل میں صرف پہیہ جام کرنے کے بجائے سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کرکے احتجاج اور دھرنا دیا جائے گا۔
منی مزدا گڈز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شیر علی کے مطابق ٹرانسپورٹرز کے تمام اہم مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں۔ ڈیزل کی قیمت میں روزانہ ہونے والی تبدیلی کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ٹرانسپورٹرز کے مطابق حکومت کے ساتھ مذاکرات میں متعلقہ وفاقی اور سندھ حکومت کے نمائندے شریک ہوئے۔ فریقین کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں معاملات طے پانے کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد اور حکومتی نمائندوں کے درمیان مذاکرات کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہوگئے تھے۔ بعد ازاں فریقین نے دوبارہ مذاکرات کیے، جن کے نتیجے میں ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔