پاکستانیوں کی محبت پر سنی دیول کا دلچسپ جواب

اگر دونوں جانب کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور احترام کا رویہ رکھیں تو تعلقات بھی بہتر رہ سکتے ہیں

August 15, 2026 · بام دنیا

بالی ووڈ اداکار سنی دیول نے اپنے دورۂ کرتارپور کی یادیں شیئر کرتے ہوئے پاکستان میں ملنے والی محبت اور مہمان نوازی کا ذکر کیا ہے۔

ایک حالیہ گفتگو میں سنی دیول نے بتایا کہ وہ کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پاکستان آئے تھے۔ ان کے مطابق وہاں عام شہریوں کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی ان سے گرمجوشی سے ملاقات کی۔

اداکار نے بتایا کہ بعض اہلکاروں نے ان سے کہا کہ ایسی فلموں میں کام نہ کریں جن میں پاکستان کے خلاف بات کی گئی ہو، کیونکہ وہ انہیں پسند کرتے ہیں اور ان سے محبت کرتے ہیں۔

سنی دیول کے مطابق انہوں نے جواب دیا کہ ہر شخص کو اپنے ملک سے محبت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں جانب کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور احترام کا رویہ رکھیں تو تعلقات بھی بہتر رہ سکتے ہیں، تاہم جنگ کی صورت میں ہر شخص اپنے ملک کے دفاع کے لیے کھڑا ہوتا ہے۔

اداکار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور عسکری اختلافات اپنی جگہ، لیکن عام لوگوں کے درمیان ایک دوسرے کے لیے محبت اور اپنائیت کے جذبات موجود ہیں۔

سنی دیول ان دنوں اپنی نئی فلم ’بٹوارہ (1947)‘ کی تشہیری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ فلم کی کہانی 1947 میں برصغیر کی تقسیم کے دوران پیش آنے والے واقعات کے گرد گھومتی ہے اور اسے 14 اگست 2026 کو بھارت سمیت مختلف ممالک میں ریلیز کیا گیا ہے۔