خضدار میں انٹیلی جنس آپریشن، 10 دہشتگرد مارے گئے

دہشتگرد تین مختلف گروپوں کی شکل میں علاقے میں موجود تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگرد مارے گئے جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

August 15, 2026 · اہم خبریں

خضدار: سیکیورٹی فورسز نے خضدار کے شور پرود کے پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو گھیرے میں لیا گیا، جہاں سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد تین مختلف گروپوں کی شکل میں علاقے میں موجود تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگرد مارے گئے جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

آپریشن کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں اور فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش جاری ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ملک دشمن عناصر کو قانون کے مطابق ان کے انجام تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔