گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال نویں روز میں داخل

ملاقات گورنر ہاؤس میں متوقع ہے، جس میں گورنر سندھ، وزیر مواصلات، پنجاب اور سندھ کے وزرائے ٹرانسپورٹ سمیت دیگر حکومتی حکام شریک ہوں گے۔

August 16, 2026 · قومی

گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال نویں روز بھی جاری ہے، جس کے باعث ملک بھر میں سامان کی لوڈنگ، ان لوڈنگ اور ترسیل کا سلسلہ بدستور معطل ہے۔

ٹرانسپورٹرز رہنما ملک شہزاد اعوان کے مطابق آج وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات ہوں گے۔ ملاقات گورنر ہاؤس میں متوقع ہے، جس میں گورنر سندھ، وزیر مواصلات، پنجاب اور سندھ کے وزرائے ٹرانسپورٹ سمیت دیگر حکومتی حکام شریک ہوں گے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان بھر میں ٹرانسپورٹرز کا احتجاج پُرامن انداز میں جاری ہے اور انہیں امید ہے کہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل جلد نکال لیا جائے گا، جس کے بعد ٹرانسپورٹ کا نظام بحال ہوسکے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ مطالبات تسلیم ہونے تک ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔ ان کے مطابق حکومتی یقین دہانیوں کے بجائے ٹرانسپورٹرز اپنے مطالبات کی عملی منظوری چاہتے ہیں۔

ٹرانسپورٹرز رہنما نے ملک بھر کے ساتھیوں سے پُرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مذاکرات سے مثبت پیش رفت اور جلد اچھی خبر کی امید ہے۔