کراچی کے ڈیفنس میں خام تیل کی پائپ لائن لیک ہوگئی
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایچ اے ویجیلنس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور احتیاطی طور پر متاثرہ سڑک کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا
کراچی: شہر کے علاقے ڈیفنس میں خیابانِ سحر، اسٹریٹ 13 کے قریب خام تیل لے جانے والی پائپ لائن میں لیکیج ہوگئی، جس کے باعث سڑک پر خام تیل پھیل گیا اور پھسلن پیدا ہوگئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایچ اے ویجیلنس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور احتیاطی طور پر متاثرہ سڑک کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔ واقعے کے بعد بڑی تعداد میں علاقہ مکین بھی جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے۔
پولیس کے مطابق متعلقہ اداروں کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا جبکہ پارکو حکام سے بھی رابطہ کیا گیا۔ پارکو کی جانب سے متاثرہ مقام پر ٹیم روانہ کردی گئی اور پائپ لائن میں تیل کی سپلائی عارضی طور پر روک دی گئی۔
حکام کے مطابق نیشنل ریفائنری نے بھی سپلائی بند کرکے متاثرہ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ پائپ لائن کافی پرانی ہے اور سڑک کے درمیان سے گزرتی ہے، جس کے باعث لیکیج کے بعد سڑک پر تیل پھیلنے سے ٹریفک اور شہریوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔