حکومت سازی پر مشاورت تیز،راولاکوٹ میں ایک ماہ کے اندر انتخابات کا امکان
خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے تین امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے جائیں گے، جبکہ اس حوالے سے سات خواتین کے انٹرویوز مکمل کیے جا چکے ہیں
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مشاورت کا عمل تیز ہو گیا ہے اور ذرائع کے مطابق راولاکوٹ میں آئندہ ایک ماہ کے دوران انتخابات متوقع ہیں۔
مسلم لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے تین امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے جائیں گے، جبکہ اس حوالے سے سات خواتین کے انٹرویوز مکمل کیے جا چکے ہیں۔ ان میں مریم ادریس، مسز راجہ عابد، مریم کشمیری، ناصرہ سدوزئی، ماریہ ترانہ، سحرش قمر اور نثارہ عباسی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اوورسیز کی مخصوص نشست کے لیے مسلم لیگ (ن) کے برطانیہ چیپٹر کے صدر عبدالرحمان آرائیں مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
علماء و مشائخ کی نشست کے لیے پیر مظہر کا نام زیر غور ہے، جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بیرسٹر افتخار، شاداب سکندر اور محسن عزیز کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نئی حکومت میں 12 وزراء شامل ہوں گے، جبکہ ابتدائی مرحلے میں 6 مشیر مقرر کیے جائیں گے۔ مشیران کابینہ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
تاہم، مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ابھی تک امیدواروں کے ناموں اور کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔