پشاور میں موسلادھار بارش، مکان کی چھت گرنے سے 9 سالہ بچہ جاں بحق
ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبہ ہٹایا، تاہم بچہ جانبر نہ ہوسکا۔
پشاور: شدید بارش کے دوران کچے مکان کی چھت گرنے سے 9 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ تحصیل درگئی کے علاقے سدرا جووڑ، باری پل میں پیش آیا،
جہاں رات گئے موسلادھار بارش کے باعث ایک کچے مکان کے برآمدے کی چھت اچانک منہدم ہوگئی۔حادثے کے وقت 9 سالہ ولید خان ملبے تلے دب گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبہ ہٹایا، تاہم بچہ جانبر نہ ہوسکا۔
ریسکیو ٹیم نے بچے کی لاش کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال درگئی منتقل کردیا۔ریسکیو حکام نے شہریوں کو حالیہ بارشوں کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے،
خصوصاً کچے مکانات میں رہائش پذیر افراد کو کمزور چھتوں اور خستہ حال تعمیرات سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق بارشوں کے دوران حفاظتی اقدامات اختیار کرکے ایسے حادثات کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔