ملتان ایئرپورٹ پر غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والے 2 مسافر گرفتار
گرفتار افراد کی شناخت ارشد علی اور ذوالقرنین حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں مسافر متحدہ عرب امارات سے پرواز G9558 کے ذریعے ملتان پہنچے تھے۔
ملتان: ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے والے دو مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت ارشد علی اور ذوالقرنین حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں مسافر متحدہ عرب امارات سے پرواز G9558 کے ذریعے ملتان پہنچے تھے۔
امیگریشن کلیئرنس کے دوران حکام کو دونوں افراد کے بیرون ملک سفر سے متعلق سسٹم میں کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔ ابتدائی جانچ پڑتال میں انکشاف ہوا کہ دونوں نے مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک سفر کیا تھا۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام نے دونوں مسافروں کو مزید تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کردیا ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی سفر میں ملوث افراد اور ان کے مبینہ سہولت کاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ہجرت کی روک تھام اور انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایئرپورٹس پر مسافروں کی دستاویزات اور سفری ریکارڈ کی جانچ پڑتال مزید مؤثر بنائی جارہی ہے۔