کراچی میں جشن آزادی گدھا گاڑی ریس،کوئل نے میدان مار لیا

ریس میں مجید بلوچ فاتح گدھا گاڑی کے سوار تھے، جبکہ پیتل بخش کے چیما والا نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ شاہ جہاں بلوچ کا گدھا لال بادشاہ تیسرے نمبر پر رہا۔

August 16, 2026 · قومی

کراچی: جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں ہونے والی گدھا گاڑی ریس میں کوئل نامی گدھا فاتح قرار پایا۔ مقابلے میں شہر بھر سے 40 گدھا گاڑیوں نے حصہ لیا۔

ریس میں مجید بلوچ فاتح گدھا گاڑی کے سوار تھے، جبکہ پیتل بخش کے چیما والا نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ شاہ جہاں بلوچ کا گدھا لال بادشاہ تیسرے نمبر پر رہا۔

کمشنر کراچی کی زیر نگرانی منعقد ہونے والی یہ ریس نیٹی جیٹی پل سے شروع ہوئی اور کمشنر آفس پر اختتام پذیر ہوئی۔ مقابلے کے اختتام پر کامیاب شرکا میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

تقریب تقسیم انعامات میں کمشنر کراچی حسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل آئی جی آزاد خان، ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ اور دیگر متعلقہ شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر کمشنر کراچی حسن نقوی نے کہا کہ گدھا گاڑی ریس کراچی کے قدیم کھیلوں میں شامل ہے اور اس طرح کے مقابلوں کا مقصد شہر کی روایتی کھیلوں کی ثقافت کو زندہ رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ سے شہریوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع ملتے ہیں، جبکہ ایسے پروگرام شہر میں امن اور سماجی ہم آہنگی کے لیے بھی معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے گدھا گاڑی ریس کو کراچی کی قدیم روایات کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کھیل کو برقرار رکھنے کے لیے نجی شعبے کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ نے کہا کہ گدھا گاڑی ریس کراچی کی ثقافتی شناخت سے جڑی ہوئی ہے اور اس نوعیت کے مقابلوں کا انعقاد باقاعدگی سے جاری رہنا چاہیے۔