تربیلا ڈیم مکمل بھر گیا، راوی اور چناب میں سیلاب کا امکان

۔ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران دریائے راوی اور چناب میں بھی نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

August 16, 2026 · قومی

اسلام آباد: مون سون بارشوں کے باعث ملک میں دریاؤں اور آبی ذخائر کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے۔ تربیلا ڈیم اپنی مکمل سطح تک پہنچ گیا ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی مقدار بھی نمایاں طور پر بڑھ گئی ہے۔

دریائی صورتحال کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران دریائے راوی اور چناب میں بھی نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 17 سے 19 اگست کے دوران دریائے راوی اور چناب سے منسلک ندی نالوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔ متعلقہ اداروں کو صورتحال پر نظر رکھنے اور ضروری احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

موسمی پیشگوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد، پنجاب اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور شیخوپورہ سمیت متعدد علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا میں پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد اور ہری پور کے لیے موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دریائے سندھ کے بالائی علاقوں، ڈیرہ غازی خان، میانوالی اور بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور کشمیر میں وسیع پیمانے پر تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان کے استور، دیامر، گلگت اور اسکردو میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے چنیوٹ، فیصل آباد، ننکانہ صاحب اور اوکاڑہ سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بارکھان اور شیرانی میں بھی بارش کی پیشگوئی کے بعد ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام نے شہریوں کو بارش اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران احتیاط برتنے، نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔