گوجرانوالہ: نابالغ بھانجی کوزیادتی کا نشانہ بنانے والا ماموں پولیس مقابلے میں ہلاک

ملزم کے قبضے سے پسٹل 30 بور برآمد، 2 نامعلوم ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔

August 16, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں 2 پولیس مقابلوں کے دوران 1 ملزم ہلاک اور 1 زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔

تھانہ لدھیوالہ وڑائچ پولیس مقابلے میں نابالغ بھانجی کو متعدد بار زیادتی کا نشانہ بنانے والا درندہ صفت ماموں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ پولیس ناکہ پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزم اپنی ہی نابالغ بھانجی کو درندگی کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں نامزد اور پولیس کو مطلوب تھا، ملزم کے قبضے سے پسٹل 30 بور برآمد ہوا جبکہ اس کے 2 نامعلوم ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔

دوسری کارروائی میں تھانہ کوتوالی پولیس نے منشیات کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب ملزم ثاقب کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ریڈ کے دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہوتے ہوئے ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، قبضے سے منشیات برآمد ہوئی۔

فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی او قلعہ دیدار سنگھ کی زیر نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ شہر بھر میں ناکہ بندی جاری ہے،  سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا کہ معاشرے کا سکون تباہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔