کراچی میں شہری کو قتل کرکے لاش جلانے والے میاں بیوی لیہ سے گرفتار
ملزمان نے اپریل کے مہینے میں اپنے داماد کو قتل کرکے جلا دیا تھا،فرار ہوکر روپوش تھے۔
فائل فوٹو
کراچی: کیماڑی انوسٹی گیشن پولیس نے قتل کرکے لاش جلانے کے کیس میں خاتون اور اس کے شوہر کو گرفتار کر لیا ۔
پولیس کے مطابق پنجاب کے ضلع لیہ میں اہم کارروائی کرتے ہوئے موچکو کے علاقے میں فیضان عرف فیضی کو قتل کرکے نعش جلانے کیس کے مرکزی ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا۔
ملزمان نے اپریل کے مہینے میں اپنے داماد کو قتل کرکے جلا دیا تھا، لاش مکمل سوختہ تھی تلاش معلومات پر جس کی شناخت فیضان عرف فیضی کے نام سے ہوئی تھی۔ واقعہ کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ موچکو میں درج کیا گیا تھا۔
واقعہ کی تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔تفتیشی ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پر جدید طریقہ تفتیش کے ذریعے معمہ حل کر کے دو ملزمان مقتول کے سسر اکرم ولد نور زمان اور سالے عطاءللہ ولد اکرم کو گرفتار کیا تھا۔
واقعہ میں ملوث مرکزی ملزمان سیکیورٹی ادارے کا اہلکار جون عباس اور بیوی سمرین فرار ہوکر روپوش تھے۔تفتیشی ٹیم موچکو نے تکنیکی بنیادوں پر کاروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو پنجاب کے ضلع لیئہ سےگرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔